جامشورو :جامعہ میں کورونا وائرس کا حملہ،13 طالبات شکار ،یونیورسٹی بند

62

جامشورو (نمائندہ جسارت) جامعہ جامشورو میں کورونا وائرس کا حملہ، 13 طالبات شکار۔ یونیورسٹی 2 ہفتے کے لیے بند، طالبات اپنے اپنے گھر روانہ، جبکہ غیر ملکی طالبہ کو اسپتال ہی میں قرنطینہ کردیا گیا۔ یونیورسٹی ہاسٹلز میں جراثیم کُش اسپرے کا کام شروع۔ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے ماروی ہاسٹل میں رہائش پذیر 13 طالبات میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سندھ یونیورسٹی جامشورو کو انتظامیہ کی جانب سے 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ رابطہ کرنے پر جا معہ سندھ کے PRO نادر مغیری نے بتایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آنے پر یونیورسٹی مع ہاسٹلز میں جراثیم کُش اسپرے کے علاوہ ملازمین اور طلبہ اور طالبات کے کوروناو ا ئرس ٹیسٹ کا باقاعدگی سے سلسلہ جاری ہے جبکہ اِس دوران احکامات کے مطابق ٹرم وائز کلاسز بھی جاری تھیں، سسٹم کے تحت نئے ٹرم کی طالبات کلاسز لینے 19 تاریخ کو ہاسٹل پہنچی تھیں، جن کے ٹیسٹ 21 تاریخ کو لیے گئے جن میں 13 طالبات کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے گزشتہ روز یونیوسٹی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ماروی ہاسٹلز میں رہائش پذیر طالبات کو صبح 11.00 بجے آگاہ کرنے کے علاوہ ان کے ورثا کو بھی فون کرکے آگاہ کردیا تھا۔ PO R نادر مغیری کے مطابق اس دوران نزدیکی علاقوں کی رہائشی طالبات گھر چلی گئی تھیں جبکہ دور دراز علاقوں کی طالبات یونیورسٹی انتظامیہ کی اجازت سے رات کو ہاسٹل ہی میں قیام کیا تھا۔