لاڑکانہ ،منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن ،15 ملزمان گرفتار

59

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 15 اشتہاری، روپوش و مطلوب ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔ اللہ آباد پولیس نے درگاہ فیض پور کے قریب خیرپور اور لاڑکانہ ضلع میں قتل جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزم غلام حیدر عرف بنو لاشاری کو پستول اور گولیوں سمیت، باقرانی پولیس نے دہرے قتل مقدمے میں مطلوب دو ملزمان علی شیر کلہوڑو اور احمد کلہوڑو کو آلہ قتل سمیت، ولید پولیس نے دوران گشت پی سی بی گرائونڈ کے قریب ملزم جہانگیر چنو کو پستول اور گولیوں سمیت، دھامراہ پولیس نے دوران گشت قتل کے مقدمے میں اشتہاری ملزم اقبال سانگی کو، کے ٹی ممتاز پولیس نے چوری کے مقدمے میں روپوش ملزم عالم ناریجو کو، اللہ آباد پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مارکر 6 جواریوں آصف، حسین، نصراللہ، نذر، وسیم اور گل کو نقدی اور موبائل فونز سمیت جبکہ گڑھی پولیس نے گدھوں کی دوڑ پر چھاپا مارکر تین ملزمان دیدار، عاشق اور خالد کو گدھا گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ، اوستہ محمد اور ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 6 افراد زخمی۔ اوستہ محمد قریب تیز رفتار کار گدھا گاڑی کو بچاتے ہوئے مزدا میں لگی جس کے نتیجے میں جیکب آباد کے رہائشی سید محمد ابراہیم شاہ، نیاز علی شاہ اور معشوق علی سونارو شدید زخمی ہوئے جنہیں آسپاس کے لوگوں نے تشویشناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج سید محمد ابراہیم شاہ دم توڑ گئے جبکہ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ ورثاء کے مطابق متوفی اپنے رشتہ دار اور دوست کے ہمراہ درگاہ تیار غازی جارہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوئے۔ بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی روڈ پر تیز رفتار مزدا اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں گاؤں احمد آباد کے رہائشی تین افراد گل محمد بروہی ان کے دو بیٹے ظہور اور صدام بروہی شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع پر حد کے صدر تھانے کی پولیس نے پہنچ کر مزدا تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے بعد زخمیوں کو زخمی حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں کے مطابق وہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اپنی زرعی زمینوں پر جارہے تھے کہ گاؤں کے قریب تیز رفتار مزدا اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں وہ حادثے میں زخمی ہوئے۔ دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے قریب آریجا پھیڑہو روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر میں مہی مکول کا رہائشی چنگ چی ڈرائیور نواب پتوجو شدید زخمی ہوئے جسے آسپاس کے لوگوں نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا۔ لاڑکانہ شہر کے شاہ بہارو محلے کے رہائشی پولیس اہلکار مظفر علی لاشاری ڈیوٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے راستے میں موٹر سائیکل کارپیٹر میں پیٹرول سے آگ لگنے کے باعث جھلس کر شدید زخمی ہوئے، جسے ورثاء کی جانب سے زخمی حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اہلکار کے جسم کا 60 فیصد جھلس جانے کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر زخمی اہلکار کے ورثاء کا کہنا تھا کہ مظفر علی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے مین گیٹ پر ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد واپس گھر آرہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل کارپیٹر میں پیٹرول سے آگ لگنے کے باعث جھلس کر شدید زخمی ہوئے جسے اسپتال منتقل کیا ہے۔