بلدیہ عظمیٰ کراچی کو قانون کے مطابق چلایا جائیگا‘ سید صلاح الدین

48

کراچی (رپورٹ: محمد انور) میٹرو پولیٹن کمشنر کراچی سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو قانون کے مطابق چلایا جائے گا۔ وہ پیر کو جسارت سے گفتگو کر رہے تھے۔ سید صلاح الدین اس سے قبل ڈپٹی کمشنر جنوبی کراچی رہ چکے ہیں جہاں انہوں نے لوگوں کی توقعات کے مطابق خدمات انجام دے کر غیر معمولی پذیرائی حاصل کی۔ میٹروپولیٹن کمشنر صلاح
الدین نے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کے ایم سی کے اپنے ذرائع سے آمدنی میں اضافہ کرنا اور اس مقصد کے لیے ریونیو والے محکموں کو قانون کے دائرے میں سختی سے چلانا ہے‘ میرے ساتھ وہی افسر چل سکے گا جو دیے گئے ہدف کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فائر بریگیڈ اینڈ ریسکیو کی کارکردگی بڑھانا اور تمام شعبوں سے کرپشن کا سدباب کرنا بھی ان کی ترجیحات کا حصہ ہے‘ محکمہ لینڈ اور اینٹی انکروچمنٹ کو حقیقی شعبہ انسداد تجاوزات بنایا جائے گا۔ میٹروپولیٹن کمشنر نے بتایا ہے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کے 2 افسران کو شکایت ملنے پر فوری معطل کردیا گیا ہے‘ ان دونوں کے خلاف سخت کارروائی سے دیگر کو سمجھ جانا چاہیے کہ کسی قسم کی بھی شکایت ملنے پر کیا ہوگا۔ سید صلاح الدین نے بتایا ہے کہ محکمہ طب و صحت پر بھرپور توجہ دینا شروع کردی ہے‘ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے وارڈ کو فعال کردیا گیا ہے‘ موجودہ عملے سے ہی کام لیا جائے گا۔