اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 2 سالہ ڈگری پروگرام ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد طلبا صرف بی ایس آنرز میں داخلے لے سکیں گے جبکہ اب کسی بھی کالج سے بی اے، بی کام، بی ایس ای کی ڈگری نہیں ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 2 سالہ ڈگری پروگرامز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایچ ای سی کی جانب سے تمام نجی و سرکاری جامعات کو جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 2018 کے بعد سے تمام 2 سالہ ڈگریاں غیر قانونی قرار دے دیں ہیں۔
دوسری جانب سال 2018 سے 2 سالہ بی اے اور بی ایس سی جبکہ سال 2020 سے 2 سالہ ایم اے اور ایم ایس سی ختم کر دیا جائے گا جس کے بعد طلبا صرف بی ایس آنرز میں داخلے لے سکیں گے۔
ایچ ای سی کا کہنا ہےکہ 2018 میں پابندی کے باوجود غیر قانونی پروگرام کا اجراء تشویشناک ہے اور جامعات فوری طور پر ایسے پروگرامز میں داخلے بند کر دیں جبکہ ایچ ای سی 31دسمبر 2018 کے بعد ایسی کسی ڈگری کو تسلیم نہیں کرے گی۔
واضح رہے ایچ ای سی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنوری 2021 سے صرف بی۔ایس ڈگری ہوگی اور وہ بھی صرف ریگولر کی بنیادوں پر جبکہ طلبا کو ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں بطور ریگولر اسٹوڈنٹ داخلہ لینا ہوگا جس کے بعد پرائیویٹ تعلیم کا نظام ختم کردیا جائے گا۔