اسرائیل کو تسلیم کرنے کی خبریں درست نہیں‘دفتر خارجہ

69

اسلام آباد(اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ فلسطینی عوام کو قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔منگل کو ترجمان نے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اس سلسلے میں بیانات مکمل واضح ہیں۔ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینی عوام کے لیے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔دوسری جانب پاکستان نے افغانستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان صدر اشرف غنی کے فرمان کا خیرمقدم کیا ہے۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے صدر کی جانب سے ان پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق فرمان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس جذبہ خیر سگالی کو سراہتا ہے۔ اس فیصلے سے ان افراد کے اہل خانہ کو ریلیف اور دلی اطمینان ملے گا۔