بھارتی دہشت گردی پر تشویش ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

90

راولپنڈی (آن لائن )بھارتی دہشت گردی پر تشویش ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گی، پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے امن کا قیام ہمارا فرض ہے۔ڈی ڈی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منگل کو کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی ۔ کانفرنس میں لکی داخلی و خارجی سیکورٹی، علاقائی امور، اسٹرٹیجک صورت حال پر بات چیت کی گئی اور مقبوضہ جموں و کشمیر، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ثبوتوں کا جائزہ لیا گیا۔بھارت پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، اعلامیہ کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کو محفوظ بنایا جائے گا ۔کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔کورنا وائرس کی صورت حال، احتیاطی تدابیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو وبا پر قابو پانے کے لیے قومی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی ۔آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام داخلی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرے گی۔پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے امن و خوشحا لی کا قیام اور ہمارا فرض ہے۔