سابق امیرالبحر فصیح بخاری اور ائر مارشل(ر) دلاور حسین انتقال کرگئے

45

اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل فصیح بخاری اور پاک فضائیہ کے جنگی ہیرو ائرمارشل(ر) دلاور حسین اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور بری فوج کے سربراہ میجر جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل فصیح بخاری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیر البحر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے مرحوم کی پاک بحریہ کیلیے خدمات نا قابل فراموش ہیں، اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ایڈمرل فصیح بخاری نے 1962ء میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا، 1965ء، 1971ء اور کارگل کی جنگوں میں حصہ لیا۔ 10 نومبر 1994ء کو پاکستان بحریہ کے چیف آف اسٹاف بنے اور 2 مئی 1997ء تا 2 اکتوبر 1999ء پاک بحریہ کے 14ویں سربراہ رہے اور 2 اکتوبر 1999ء کو جنرل پرویز مشرف کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنائے جانے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز(ملٹری)، ہلال امتیاز(ملٹری)، ستارہ امتیاز(ملٹری) اور ستارہ بسالت کے اعزازت سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے عظیم جنگی ہیرو ائرمارشل(ر) دلاور حسین کے انتقال پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے، اپنے بیان میں ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ دلاور حسین ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ تھے وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ مرحوم نے 1965ء اور1971ء کی پاک بھارت جنگوں میں شاندار کارنامے دکھائے۔ 1965 ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران وہ پی اے ایف بیس پشا ور کے 19 اسکواڈرن میں تعینات تھے، دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کے علاوہ ان کی فارمیشن نے پٹھان کوٹ ائر فیلڈ پر 14 بھارتی جنگی جہازوں کو تباہ کیا، اس جنگ میں ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ’’ستارہ جرأت‘‘ سے نوازا گیا۔