تعلیمی ادارے پھر بند کرناتعلیم دشمنی ہے، جماعت اسلامی

35

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ نے کوروناکی آڑ میں تمام تعلیمی اداروں ومدارس کو دوبارہ بند کرنے والے حکومتی فیصلے کو غیردانشمندانہ اورتعلیم دشمنی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایس اوپیزپرعمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے۔صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہاکہ تعلیمی اداروں اورمدارس کی ازسر
نو بندش سے نہ صرف پرائیویٹ اسکول مالکان بلکہ اس شعبے سے وابستہ افراد اوروالدین بھی سخت پریشان ہیں۔ پہلے ہی کورونا وبا کی وجہ سے تعلیم کا نقصان ہوچکا ہے مزید براں سندھ میں تو ایمرجنسی کے اعلان کے باوجود تعلیم کا شعبہ تباہ حال اورسب سے زیادہ نیب میں ان کے کیس چل رہے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کمرتوڑ مہنگائی،بیرو زگاری،کرپشن اورنااہلی کو کورونا کی آڑ میں چھپنا چاہتی ہے۔انتخابات میں حکمرانوں نے جتنے بھی وعدے کیے تھے کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔بھیک وقرض نہ مانگنے کے اعلانات کے باوجود مختصر مدت میں تمام رکارڈ توڑ دیے ہیں ، معیشت تباہ، مہنگائی کا طوفان اورعام آدمی 2وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔ اس لیے موجودہ حکومت کے 900 دن نااہلی و ناکامی سے بھرے پڑے ہیں۔مگراب زیادہ دیر تک عوام کے غیظ وغضب سے بچ نہیں سکتی۔انہوں نے کہاکہ باقی سب کچھ بند کیا جائے مگر تعلیمی سرگرمیوں کو بحال رکھاجائے۔