تاجر کبھی منشیات لے جانے میں شامل نہیں ہوتے ،محمدایوب

91

کرا چی (اسٹاف رپورٹر)پورٹ کنٹرول یونٹ اینٹی نارکوٹکس فورس کے انچارج محمد ایوب نے کہاہے کہ نشہ آور اشیا اور قدرتی منشیات کی بڑی مقدار پاکستان کے راستے گزرتی ہے، ہمارے پاس جیویانی سے کراچی تک ایک ہزار کلو میٹر لمبا ساحل ہے،ہوائی اڈے ، بندرگاہ اور اور رابطہ سڑکیں بھی ہیں، ہم اتنے وسیع علاقے میں منشیات کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم اپنے مینڈیٹ کے مطابق خدمات انجام دیتے ہیں اور منشیات ، نشہ آور اشیا ، اور پری کرسر کیمیکلز سے متعلق تمام جرائم کی تفتیش اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزفیڈریشن ہائوس میں فیڈریشن ممبران سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری خرم اعجاز ، کنوینر ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے کسٹمز شبیر حسن منشا اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔محمد ایوب نے کہاہے کہ ہم جانتے ہیں کہ تاجر کبھی بھی منشیات لے جانے میں شامل نہیں ہوتے ۔