پولیس کا عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے ،الطاف حسین

47

سجاول(نمائندہ جسارت)پولیس کا کام لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا اور ان کو انصاف دلانا ہے اگر لوگوں کو انصاف نہ ملا تو پھر پولیس ڈپارٹمنٹ سے اعتماد ہی ختم ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی سجاول اور سینئر پولیس افسر الطاف حسین نے اپنے آفس میں سجاول کے سینئر میڈیا گروپ کے صحافیوں ہدایت اللہ کھٹی ، اختر علی میوتی ، حفیظ الرحمن میمن رحمانی ، ندیم کھٹی ، غلام فرید میمن ، عمران علی کھٹی اور کامران علی کھٹی سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سجاول کے لوگ سادہ اور غریب آبادی کے رہائشی ہیں اور اتنے سادہ ہیں کہ پولیس کو اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کی ایف آئی آر تک درج نہیں کرواتے اس لیے پولیس ان کی مدد نہیں کرپاتی عام لوگ اپنی زیادتیوں کو چھپاکر گھر بیٹھے رہتے ہیں اور انصاف کی توقع کرتے ہیں جب تک پولیس ریکارڈ میں کوئی واردات درج ہی نہیں ہوگی تو بالا افسران کے علم میں ہی نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا حال ہی میں ہمارے وومن اینڈ چائلڈ پروڈکشن پولیس کی بہادر خاتون پولیس افسر اے ایس آئی شمس النسا اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جاتی میں ایک غریب عورت عائشہ تیمور کے گینگ ریپ میں ملوث 3 ملزمان کو 12گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا اسی طریقے سے کراچی یونیورسٹی روڈ کی رہائشی ایک نو مسلم عورت کی فریاد پر بیلو سجاول کے قریب باپ کے ہاتھوں 2 بچوں کو زمین پر جبری مشقت کروانے ملزم سامجہی کولہی اور بچوں کے والد کو گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ داخل کرکے ان کو جیل میں بند کرکے بے سہارا عورت کو انصاف مہیا کروایا۔ ایس ایس پی سجاول نے کہا کہ ہمارے دروازے غریب عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ ہمارے پاس بلا خوف آجائیں ہم ان سے مکمل تعاون کرکے انہیں انصاف دلوانے کی بھرپورکوشش کرتے رہیں گے۔