مہنگائی سے دہاڑی داراور سفید پوش طبقہ فاقوں پر مجبور ہے

48

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما ذکی الدین شیخ نے کہا ہے کہ مہنگائی ، بے روزگاری کی وجہ سے دہاڑی داراور سفید پوش طبقہ فاقوں پر مجبور ہے۔روز بروز بڑھتی مہنگائی نے ثابت کردیاہے کہ حکومتی وزرا اور مشیر نا اہل ہیں۔ پاکستان معیشت تباہی کا شکارہے آئے دن روپے کی قدر میں کمی کر دی جاتی ہے۔ بجلی، پٹرول ، گیس ، آٹا، دالیں ، گھی اور سبزیوںکی قیمتوںمیں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم مہنگائی کم کرنے کے بجائے نصیحتیں کررہے ہیں کہ بس آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔معیشت کی تباہی کی بڑی وجہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ ہے۔یعنی سودی نظام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیفنس سرکل کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ سود‘‘اور سودی نظام کی وجہ پوری دنیا پر اللہ کے عذاب نازل ہو رہے ہیں۔ کورونا بھی اس کی ایک مثال ہے۔ ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کیلیے اللہ سے معافی مانگنی ہو گی اورسودی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی ہی ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے کیونکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو سب سے پہلے سودی نظام کا خاتمہ کرے گی۔ ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے ایما پر بنائی جاتی ہیں جو ملک و قوم کیلیے مفاد میں نہیں ہوتی۔