وزیر اعظم جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں،جاوید قصوری

56

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومتی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے ملک میں معاشی بد حالی اور بے یقینی کی کیفیت بڑھ رہی ہے۔ تاجر پریشان اور دہاڑی دار طبقہ تباہ ہوچکا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک میں کوئی بھی شخص ایسا نہیں جو مطمئن ہو۔ تحریک انصاف کی حکومت نے بلا تفریق ہر طقبہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو رلایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ناجائز منافع خور، ذخیرہ اندوز اور گرانفروش دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ملک میں قیامت اور نفسا نفسی کا عالم ہے۔ گھی، آئل 30روپے فی کلو اضافے کے ساتھ جبکہ چینی اور آٹا ڈبل نرخوں پر دستیاب ہے۔ یہ کیسی بد نصیبی ہے کہ سترفیصد زرعی آبادی والا ملک گندم بیرون ملک سے امپورٹ کرنے پر مجبور ہے۔ حکمرانوں کو اپنی کارکردگی اور نا اہلی کا جواب عام انتخابات میں دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرف مہنگائی بے،روزگاری ہے۔حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے جبکہ دوسری جانب کورونا وائرس کی نئی لہر نے عوام کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔ حکومت سمیت پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور دیگر ادارے صورتحال کو قابو کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وزیر اعظم ڈھٹائی کے ساتھ مسلسل جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ حکومتی ترجمانوں سمیت تمام وزرا کے درمیان بھی جھوٹ بولنے کا مقابلہ جاری ہے۔ لوگوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں۔