فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اورخوشحالی کے لیے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، جماعت اسلامی کے سیکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں،جماعت اسلامی جیسی جمہوری ، اہل اور دیانتدار جماعت ہی دنیا میںملک کا امیج بہتر کر سکتی ہے،جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میںزونل امرا و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین،صدرسیاسی کمیٹی میاں طاہر ایوب،رائے اکرم کھرل اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی،ن لیگ،ق لیگ نے سالہاسال سے عوام پر راج کیاہے لیکن پاکستان کو جہالت ، غربت ، بیروزگاری اور دنیا بھر میں اپنی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے بدنامی کے سوا کچھ نہیں دیا،موجودہ حکمران بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ آئے دن کوئی نہ کوئی بحران سر اٹھا لیتا ہے جس کی سزا قوم کو بھگتا پڑتی ہے،حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ، محرومیوں اورمجبوریوں میں جکڑ ے ہوئے عوام انتہائی پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں ،حکمران ٹولے نے عوام کی خوشیاں چھین کر انہیں مسائل کے حوالے کردیا ہے ، غریب پر تعلیم ،صحت روز گار اور انصاف کے دروازے بند ہیں ، دولت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانہ لوٹتے ہیں اور ملک سے باہر منتقل کر دیتے ہیں جبکہ عام آدمی دووقت کے کھانے سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کو اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کرلینی چاہیے ۔ 73سال سے برسراقتدار طبقے نے انہیں محرومیوں ، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا ۔اب حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں وسیع پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کی جگہ اسلام کا منصفانہ و عادلانہ نظام رائج کیاجائے۔