میرپور خاص، ٹریژری آفس کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی، ریکارڈ خاکستر

49

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ٹریژری آفس کے ریکارڈ روم میں پُراسرار آتشزدگی سے ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے احاطے میں واقع ٹریژری آفس کے ریکارڈ روم میں پُراسرار نمونے سے آگ بھڑک اٹھی، جس کی فوری طور پر اطلاع پر فائر بریگیڈ کو دی گئی اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا لیکن اس دوران وہاں موجود کافی ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔ اس سلسلے میں ٹریژری آفس کے عملے کا کہنا ہے کہ صبح ریکارڈ روم میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے آفس کے کمپیوٹرز بھی خراب ہوگئے اور کافی ریکارڈ جل کر تباہ ہوگیا، آگ بجھانے کے دوران پانی کی وجہ سے بھی ریکارڈ کو نقصان پہنچا ہے۔