ٹنڈوآدم ،لاک ڈائو ن کے باعث کاروباری مراکز صبح 6 بجے کھلیں ،شام 6 بجے بند کردیے جائیں

48

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت ) کورونا وبا پھیلنے کے خدشے کے باعث حکومت سندھ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کیلیے ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی کی زیر صدارت میونسپل آفس میں منعقد ہوا جس میں سی ایم او محمد ابراہیم عمرانی،او ایس سعادت نور خان، اسسٹنٹ مختار کار ایاز کیریو، ایس ایچ او سٹی راجا نوید سرفراز، ایس ایچ او بی سیکشن اختر حسین بارانی، 15 کے انچارج وحید علی ڈیرو، تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم کے فوکل پرسن ڈاکٹر صادق بلوچ، ڈاکٹر محبوب چانگ، ڈاکٹر وقار عظیم، انجمن تاجران کے حبیب خان، نوشاد شیخ، عبدالقدیر مغل، سوشل ورکر عمران غوری، سی ایس آئی عبدالحمید بلوچ اور اینٹی انکروچمنٹ کے عبدالصمد بلوچ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی نے ہدایت کی کہ تمام کاروباری مراکز بشمول تمام شاپنگ سینٹر، موبائل مال اور تمام دکانیں صبح 6 بجے کھولی جائیں اور شام 6 بجے بند کردی جائیں۔ جبکہ بروز جمعہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈائون ہوگا۔ صرف کریانہ، گوشت، مچھلی، سبزی، میڈیکل اسٹور اور دودھ، دہی کی دکانیں شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ بقایا تمام کاروبار بند رہے گا۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے تنبہہ کی کہ ایس او پیز پر عمل کریں ماسک اور سینیٹائزر استعمال کریں۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔