(ن) لیگ نے ورکرز کی مضبوطی کے لیے تیز اقدامات کیے، شاہ محمد شاہ

50

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع قنبر شہداد کوٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کی۔ اجلاس میں سندھ بھر میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی اور مختلف اضلاع میں نئے عہدیداران منتخب کرنے کے معاملات پر غور وخوض کیا گیا۔ اس موقع پر سید شاہ محمد شاہ نے حاجی نورمحمد بھٹو کو مسلم لیگ (ن) قنبر شہدادکوٹ کا ضلعی صدر اور شبیر احمد مگسی کو ضلعی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر منتخب کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر سید شاہ محمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی ایک ایسی جماعت ہے جو عوام دوست قیادت اور ترقیاتی کاموں کی بدولت عوام میں بے حد مقبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ورکرز کی مضبوطی کے لیے تیز اقدامات کیے ہیں، اس کے پیچھے بلدیاتی الیکشن کی تیاری ہو یا عام انتخابات سے قبل پارٹی کا مضبوط ڈھانچہ قائم ہو۔ ماضی میں کئی برس سے تنظیم سازی کا عمل التواء کا شکار تھا جبکہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اب تنظیم سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے پارٹی میں نئی جان آئے گی پھر یہ قیادت پر ہی انحصار ہوگا کہ وہ پارٹی ورکرز کوکیسے لیکر چلتے ہیں۔