امن کے قیام کے لیے میرمحمد نے اپنی جان کی قربانی دی، ذوالفقار لاڑک

34

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار لاڑک نے کہا ہے کہ شہر میں امن ومان کو قائم رکھنے کے لیے شہید میرمحمد نے اپنی جان کی قربانی دی۔ گزشتہ شب پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار میر محمد ناریجو کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی لاڑک سمیت ایس ایس پی ضلع میرپور خاص فیصل بشیر میمن، ڈپٹی کمشنر میرپور خاص سلامت میمن رینج کے پولیس افسران و اہلکاروں کے علاوہ صحافی برادری، انجمن تاجران و دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی آئی جی میرپور خاص رینج کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کو قائم رکھنے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے خاطر سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ سندھ پولیس اپنے شہداء کی وارث ہے، کوئی اہلکار شہید ہو تو لگتا ہے میرے جسم کا کوئی عضو کٹ گیا ہے، پُر عزم اور بہادر فورس کا کمانڈر ہونے پر فخر ہے۔ شہید اہلکار کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے والے پولیس کے جوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ سندھ پولیس کی یہ عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔