حیدرآباد، کورونا کا پھیلائو روکنے کیلیے درگاہیں بند کرنے کا فیصلہ

55

 

حیدرآباد، بھٹ شاہ، جامشورو، کوٹری، سہون (نمائندگان جسارت ، اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت کوروناوائرس کے پھلاؤ کے پیش نظر لعل شہباز قلندر سمیت تمام درگاہوں کو عام زائرین کیلیے بند کرنے کا فیصلہ۔پولیس اور ریونیو افسران کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت۔ماسک نہ پہنے والے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے۔انسانی جانوں کو بچانے میں سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔فریدالدین مصطفی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین مصطفی کی زیر صدارت دربار حال کوٹری میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی جامشورو محمد انور کھتران ضلع صحت آفیسر جامشورو مشتاق سولنگی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جامشورو ذوالفقار علی میمن اسسٹنٹ کمشنر نزیر ابڑو اسسٹنٹ مختار کار فیروز مصطفی برفت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی جامشورو نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہم سب نے مل کر لڑنا ہے جس کیلیے حکومتی احکامات اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہوگا۔ماسک نہ پہنے والے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر سمیت ضلع بھر میں تمام درگاہوں کو زائرین کیلیے بند کردیا جائے گا محکمہ اوقاف اور سیکورٹی پر مامور عملہ بدستور فرائص انجام دیں گے۔فریدالدین مصطفی نے کہا کہ حیدرآباد کوٹری پل کے آنے جانے والے راستوں پر پولیس تعینات ہوگی اور شام 6 کے بعد غیر ضروری آمدورفت بھی بند ہوگی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وبا کیخلاف جنگ میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بغیر ماسک اور بلا ضرورت ہر گز گھروں سے نہ نکلیں۔