حیدرآباد: سندھ مسائل کے حل کیلیے عوامی تحریک کا رابطہ عوام مہم کا اعلان

21

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رسول بخش خاص خیلی نے حکمرانوںکی ہٹ دھرمی اور سندھ کو درپیش خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلیے 27نومبر تا 29 دسمبر عوامی رابطہ مہم کا اعلان کردیا، 27نومبر کو مٹھی میں سیمینار بعد ازاں ضلع سطح پریس کانفرنسز کی جائیں گی ۔یہ اعلان انہوںنے پلیجو ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں عبدالقادر رائٹو، نور احمد کاتیار،لال جروار، گل حسن اور محبوب راہوجو ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ نے اپنی خود مختاری کی قربانی دے کر1940ء کی قرار داد کے مطابق پاکستان میں شمولیت اختیار کی لیکن پاکستان بننے کے بعد بانی پاکستان قائد اعظمؒ کو ایک سازش کے تحت راستے سے ہٹاکرنااہل مفاد پرست اور امریکی سامراج کے ایجنٹوں نے ملک پر قبضہ کرلیا جن کا ملک بنانے میں کوئی کردار نہیں تھا اس ٹولے نے قرارداد پاکستان کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر ملک کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹا آمریت نے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچادیا اقتدار پر قبضے کی دوڑ نے 1971ء میں ملک کو دولخت کردیا ہم سمجھتے ہیں جمہوریت کے نام پر غیر جمہوری حکمرانوں نے ملک کو زیادہ نقصان پہنچایا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی اپنے وعدوں کے برخلاف کراچی میں غیر ملکی بنگالی، برمی، بہاری اور افغانیوں کو نکالنے کے بجائے ان کو شناختی کارڈ جاری کرکے جرائم پیشہ افراد کو شناخت دی جبکہ سندھ کے تحفظات کے باوجوددریائے سندھ پر بھاشا سمیت دیگر ڈیم بنانے کے لیے خودچیف جسٹس ثاقب نثار نے حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے دنیا بھر سے چندہ جمع کیا جبکہ سندھ دشمن اقدامات کے حوالے سے سندھ کی نمائندگی کا دعو یٰ کرنے والی پیپلزپارٹی لاتعلق رہی سندھ کو فتح کیا ہوا علاقہ سمجھ کر اس کی لاکھوں ایکٹر زمین کی بندر بانٹ کی گئی سمندری وسائل پر قبضے کے لیے صدارتی آرڈیننس لایا گیا۔انہوںنے کہا کہ عوامی تحریک نے حکمرانوںکی ہٹ دھرمی اور سندھ کو درپیش خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ ا س سلسلے میں عوامی تحریک کے مرکزی رہنمائوں کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گی اور ضلعی سطح پر پریس کانفرنسیں کی جائیں گی۔ ڈاکٹر رسول بخش خاص خیلی کی قیادت میں 4تا6دسمبر لاڑکانہ، کشمور، کندھکوٹ ، جیکب آباد، شکار پور جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار کی قیادت میں 11تا13دسمبر تک خیر پور، سکھر، گھوٹکی، مرکزی سینئر نائب صدر عبدالقادر کی قیادت میں 29دسمبر کو کراچی ڈویژن کا دورہ کیاجائے گا جبکہ مرکزی لیگ سیکٹر ایڈووکیٹ وسندھ کی قیادت میں 12,13دسمبر کو دادو ، نوشہرو فیروز دورے کیے جائیں گے جبکہ سندھ کے تاریخی پہاڑ کارو نجھر کی تباہی، مقامی افراد کو روز گار فراہم نہ کرنے سمیت دیگر اور زمینوں پر قبضے کے خلاف مٹھی شہر میں 27نومبر کو سیمینار منعقد کیاجائے گا۔