فرانس سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کیے جائیں‘جماعت اسلامی

76

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ نے فرانس میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت ِپاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فرانس سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات منقطع جبکہ فرانس کی تمام مصنوعات کی در آمد پر پابندی لگائی جائے ۔پاکستانی قوم سے بھی فرانس حکومت پر معاشی دبائو بڑھانے کے لیے ان کی تمام
مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے ضلعی امرا کے ہونے والے اجلاس میں منظور کی گئی جوکہ قبا آڈیٹوریم میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ حال ہی میں فرانس میں کارٹون کی نمائش کے ذریعے ہمیں جان و مال اور اہل و عیال سے عزیز ،ہمارے محبوب نبی ہادی دو جہاں رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے شان اقدس میں گستاخی کی گئی ہے جس کو فرانس کے صدر کی پشت پناہی حاصل ہے۔حکومت فرانس کے اس گستاخانہ عمل سے پوری دنیا میں بسنے والے 2ارب عاشقان ِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔آزادی اظہار کے نام پر کیا جانے والا یہ مکروہ عمل غیر انسانی غیراخلاقی اور احترام ِمذہب کے مسلمہ اصولوں کے خلاف ہے۔ یہ اجلاس حکومت فرانس کی سرپرستی میں کیے جانے والے اس مکروہ عمل کی شدید مذمت کرتا ہے۔پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں نے اس اقدام پر سخت احتجاج کرکے بجا طور پر اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ناموس پر اپنی ہر چیز قربان کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔مسلم حکمران اپنی غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف قراداروں اوربیان بازی سے آگے بڑھیں اور ٹھوس اقدامات کریں ۔اوآئی سی کااجلاس طلب کیا جائے۔اقوام متحدہ میں اسی سلسلے میں مؤثر قانون سازی کرائی جائے۔ہم تمام مہذب اقوامِ عالم کو یاد دلاتے ہیں کہ دنیا میں بسنے والے اربوں مسلمان ،تمام مذاہب اور ان کی مقدسات کا احترام کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حکومت فرانس اور مغرب کواس طرح کے گستاخانہ اور دل آزار عمل سے روکنے کے لیے اپنی آواز بلند کریں ۔