گوادر پورٹ کے سی پیک میں اہم کردار کے حامی ہیں‘ چین

59

بیجنگ (آن لائن) چین نے گوادر بندرگاہ پر بین الاقوامی تجارت اور اشیا کی نقل وحمل کی بحال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین بندرگاہ کے عظیم تر کردار کی حمایت کرتا ہے جو کہ سی پیک منصوبے کے تحت تجارت اور اشیا کی نقل وحمل پر علاقائی تعاون میں اہم
عنصر ہے۔ یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیان نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی پیش رفت پر خوشی ہے‘ ہم گوادر بندرگاہ کے تجارت اور اشیا پر علاقائی تعاون میں وسیع ترکردار کی حمایت کرتے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں بطور نائب مشن سربراہ تقرری کے دوران انہوں نے گوادر بندرگاہ کا 6 مرتبہ دورہ کیا‘ اس کی تعمیر اور استعمال سے لیکر وہ ہونے والی پیش رفتوں سے خاصے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے بلکہ علاقائی رابطے اور اقتصادی تعاون میں بھی مدد ملی ہے‘ ہمیں یقین ہے کہ تمام فریقین کی کوششوں سے سی پیک یقیناً خطے میں خوشحالی لانے میں مزید مثبت کردار ادا کرے گا ۔