کراچی(نمائندہ جسارت)وزیراطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے وزرا کمیٹی کی رپورٹ جلد منظرعام پرآجائے گی،آرمی چیف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس معاملے پر ایکشن لیا، سندھ کے جزائر پر غیرقانونی تعمیرات نہیں ہونے دیںگے،صحافیوں اور ہمارا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیرنے
حکومت سندھ کی جانب سے ڈھائی کروڑ روپے کا چیک کراچی پریس کلب کے حوالے کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،نائب صدر سعید سربازی ،سیکرٹری ارمان صابر ،جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر ،خازن راجہ کامران سمیت گورننگ باڈی کے ارکان بھی موجود تھے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کوسب سے زیادہ سپورٹ پیپلز پارٹی کی جانب سے دی جاتی ہے،کراچی پریس کلب کے ممبران کی لائف انشورنس لازمی کرائی جائے جبکہ ممبران کے پلاٹوں کا معاملہ حل کررہے ہیں۔ ایم ڈی اے اور تیسر ٹاؤن میں صحافیوں کو جوپلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں وہ مکمل ادائیگی کرکے تعمیرات کا آغاز کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جو سپورٹنگ اسکیم شروع کی گئی ہے اس سے بھی صحافیوں کو فائدہ ملنا چاہیے۔کراچی پریس کلب کا ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اس کے استحکام کے لیے تاریخی کردار ہے، شہید بے نظیر بھٹو بھی یہاں آتی تھیں۔ امتیاز خان فاران اور ارمان صابر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ پریس کلب کا ساتھ دیا ہے،پریس کلب کی گرانٹ کا معاملہ حل ہوگیا ،ایل ڈی اے میں 210پلاٹوں کا معاملہ تھا وہ حل ہورہا ہے ،ہم سندھ حکومت اور بلاول زرداری کے مشکور ہیں کہ انہوں نے دو سال روکی گئی گرانٹ بحال کی ہے۔
کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ میٹ دی پریس سے خطاب کررہے ہیں