کراچی(نمائندہ جسارت)کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے سلسلہ میں سٹی اسٹیشن تا اورنگی تک کے 16 کلو میٹر روٹ پر کام جاری ہے اس روٹ پر تمام تجاوزات ہٹادی گئی ہیں اور ٹریک بچھا دیا گیا ہے توقع ہے کہ اورنگی روٹ پر سرکلر ریلوے15دسمبر کے بعد
چلائی جائے گی۔ یہ بات کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کو اجلاس میں بتائی گئی۔کمشنر کو بتا یا گیا کہ44 کلو میٹر ٹریک سے تمام تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں۔ ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔ 24 لیول کراسنگ پرایف ڈبیلو او کے تعاون سے 8 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوور ز تعمیرکیے جائینگے۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ شارق احمد ڈوثرنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز ارشد سلا م خٹک ، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی صلاح الدین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ 14 کلو میٹر سٹی اسٹیشن تا اورنگی روٹ پر وزیر مینشن، لیاری، بلدیہ، منگھو پیر ، اور اورنگی اسٹیشن ہوں گے، سرکلر ریلوے کے اطراف فینسنگ کی تنصیب کے منصوبہ پر کام جاری ہے۔ واٹر بورڈ نے اردو کالج تا ڈپو تک ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے سیوریج لائن کی تنصیب کاکام بھی شروع کر دیا ۔ کمشنر نے پاکستان ریلویز، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ ،ماس ٹرانزٹ اتھارٹی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، بلدیہ عظمی اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں اقدمات کریں