لاہور ( نمائندہ جسارت) احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شہباز شریف اور ان کی فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر آج سماعت کی جائے گی۔ جج جواد الحسن کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت کے روبرو شہباز شریف، حمزہ شہباز، نصرت
شہباز سمیت13 درخواست گزاران نے درخواستیں دائر کی ہیں، جن میں خاندانی اثاثے منجمد کرنے کے عدالتی حکم کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزارکے موقف کے مطابق عدالت کا اثاثہ جات کو منجمد کرنے کا حکم درست نہیں ہے، عدالت اثاثہ جات منجمد کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دے اور اثاثے منجمد کرنے کے حکم پر نظر ثانی کرے۔علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت میں ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔ یہاں بھی عدالت نے ملزمان کے وکلا کو استغاثہ کے گواہان پر جرح مکمل کرنے کے لیے طلب کر لیا۔مزید براں احتساب عدالت نے شہبازشریف، فواد حسن، احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کے خلاف آشیانہ ہائو سنگ اسکیم ریفرنس کیس کی سماعت 30 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے احدچیمہ اور شاہد رفیق کے عدالتی ریمانڈ میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پرگواہ شفیق اعجاز کے بیان پروکلا کو جرح مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔نیب نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے داماد اور بیٹی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 16 گواہان کی فہرست تیار کر لی ہے۔ گواہان میں صاف پانی کمپنی کے افسران، آڈیٹرز اور اکائونٹنٹ، سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کے نمائندے، بینکنگ ماہرین اور نیب حکام بھی شامل ہیں۔