وفاق کورونا پر سنجیدہ ہے تو ٹرینیں کیواں چل رہی ہیں ، سعید غنی

56
حیدرآباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاق نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم بیس جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے۔گلگت بلتستان کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی گئی‘ اگر حکومت عوام کی حکومت ہوتی تو بجلی ، گیس ، آٹا اور چینی کی قیمتیں نہ بڑھتی سلیکٹڈ حکومت کی ترجیحات میں عوام خدمت نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ خانزادہ اتحاد ضلع حیدرآباد کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ تقریب کے دوران حیدرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہاکہ وفاقی حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے گھبرائی ہوئی ہے اس لیے وہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے ملک میں کورونا وبا پھیلے گی اگر وفاقی حکومت واقعی کورونا کو لیکر سنجیدہ ہے تو پاکستان ریلوے کی ٹرینیں کیوں
چلائی جا رہی ہیں۔ کورونا صرف جلسوں کی وجہ سے نہیں بلکہ جہاں پر لوگ جمع ہونگے وہاں سے پھیلے گا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ یہ منحوس حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔ معیشت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے معیشت پر برے اثر پڑے ہیں لیکن حکومت کے اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ ملک کی تاریخ میں معیشت کا جو حشر اس حکومت نے کہا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔اس موقع پرپی پی پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر ہوتے تھے تب بھی روتے تھے اور اس وقت بھی رو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اب ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے کورونا پھیل رہا ہے جبکہ کورونا کی پہلی لہر میں جب حکومت سندھ نے لاک ڈائون کیا تھا تو گورنر اور وفاقی وزراء سندھ کے دورے کر رہے تھے کیا کورونا اس وقت نہیں پھیل رہا تھا۔ اس موقع پر تقریب میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے طارق شاہ جاموٹ ، ایم پی اے اعجاز شاہ بخاری ، پیپلز پارٹی کے رہنما آفتاب خانزادہ ، صغیر قریشی ، پاشا قاضی ، فیاض علی شاہ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

حیدرآباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں