اپوزیشن کو عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے، وزیر اعظم

161

لاہور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی جازت نہیں دینگے،  کاروبار اور فیکٹریاں بند نہیں کرینگے،کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، احتیاط نہ کی تو نقصان ہوگا۔

عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کاروبار سے متعلق کوئی چیز بند نہیں ہوگی، اپنے لوگوں کو بھوک سے نہیں مار سکتے، فیکٹریوں، شاپنگ مالز میں ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہیے جہاں لوگ زیادہ جمع ہوں، ہم نے اپنا جلسہ ختم کردیا تھا،جلسے،جلوسوں سے فائدہ نہیں ہوگا،این آراونہیں ملے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ہماری حکومت کی بڑی کامیابی خارجہ پالیسی ہے،اسرائیل کوتسلیم کرنے سے متعلق ہم پرکوئی دباؤ نہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے آج بھی وہی پالیسی ہے، سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک پاکستانی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کے مثبت کردارکو تسلیم کررہی ہے،پہلے بھارت کو اچھا اور پاکستان کودہشتگرد ملک سمجھا جاتا تھا، ہم نے بھارت کو دنیا کے سامنے بےنقاب کردیا، آج ہم سے کوئی ڈومورکا مطالبہ نہیں کررہا، ترکی، ایران، سعودی عرب،یواے ای سے بہترین تعلقات ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دریائے راوی کے اطراف 60 لاکھ درخت لگائیں گے،راوی ریورسٹی کو گرین سٹی بنائیں گے، کراچی بنڈل آئی لینڈ،راوی ریورمنصوبے سے لوگوں کو روزگار ملے گا، راوی ریورسٹی اورکراچی بنڈل آئی لینڈز پاکستان کیلئے ضروری ہیں، بنڈل آئی لینڈزمنصوبے کا مقصد کراچی کو بچانا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ لاہورکا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے،20 سال میں لاہورکی آبادی میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا، آلودگی بھی لاہورکا اہم مسئلہ ہے، راوی ریور منصوبے کا مقصد لاہورکو بچانا ہے۔