پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اقوام متحدہ کو پیش کردیے

156

اسلام آباد: پاکستان بھارتی ریاستی دہشتگردی کو اقوام عالم کے سامنے لے آیا ہے اور پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترس  کو فائل پیش کر دی ہے جبکہ انتونیو گو ترس نے رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی اور یو این سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے خلاف ڈوزئیر (فائل) پیش کردی ہے جبکہ مختلف شواہد کی روشنی میں بھارتی دہشت گردی پر سیکریٹری جنرل کو بریف کیا۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہےاور اس کے ساتھ پاکستان میں دہشت گردی کرانے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی بھی مسلسل کوشش کر رہا ہے جبکہ بھارتی دہشتگردی یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کا حق رکھتا ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت کے دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے کے ٹھوس شواہد پر مشتمل ڈوزئیر بھی پیش کر چکے ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں اور کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرنا میرے فرائض میں شامل ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی کونسل آف فارن منسٹرز میں شرکت کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کے نکتہ نظر کو پیش کرنے کا موقع ملے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھ گیا ہےجبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے حوالے سے آواز اٹھانے کیلئے یہ ایک مناسب فورم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کا شکر گزار ہوں، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ان کا بہت واضح موقف سامنے آتا رہا ہے۔