میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں تدریسی سرگرمیاں معطل، حکومت پنجاب

148

لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کورونا کے تیزی سے کیسز سامنے آرہے ہیں جس کے باعث پنجاب حکومت نے  صوبے بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں تدریسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 26 نومبر سے 24 دسمبر تک آن کیمپس تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ میڈیکل کالجز کے ہوسٹلز میں صرف ان طلبہ کو رکھنے کی اجازت ہوگی جنہیں انٹرنیٹ کے مسائل کا سامنا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک میں تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ آن لائن کلاسز جاری رہیں گی اور  جنوری کے آغاز میں ملک میں کورونا کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے 11 جنوری سے دوبارہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے 3009 نئے کیسز رپورٹ اور مزید 59 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی ہے اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار803 ہے۔

واضح رہے اس وقت ملک میں کورونا کے3 لاکھ32ہزار974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 42ہزار 115 زیر علاج ہیں۔