اپنے بچوں کے ہوم ورک میں مدد کیسے کریں؟

218

اکثر اوقات وہ بچے اسکول میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جن کے والدین ہوم ورک میں دلچسپی لیتے ہیں اور معاونین بنتے ہیں۔

والدین کے بچوں کے ہومورک میں ساتھ دینے سے بچوں میں ہوم ورک کی اہمیت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ البتہ ، ہوم ورک میں مدد دینے کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہئے کہ گھنٹوں میز پر گزاردیں۔ والدین اپنے تجربے کی بنا پر مطالعہ کے بہترین طریقے کار کا مظاہرہ کرکے ، ایک مشکل مسئلہ کی وضاحت کر کے ، یا صرف بچوں کو پڑھائی کے دوران وقفہ لینے کی ترغیب دے کر ہوم ورک میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

چند نکات:

1) اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کے پاس ہوم ورک کرنے کے لئے ایک اچھی طرح سے روشن جگہ میسر ہو۔ کاغذ ، پنسل ، گلو جیسی اسٹیشنری وغیرہ اُن کی پہنچ میں ہو۔

2) کچھ بچے کھیل سے پہلے سہ پہر کے وقت بہترین کام کرتے ہیں، ان کیلئے وہ وقت متعین کردیں جبکہ کچھ بچے رات کے کھانے کے بعد ہوم ورک کرنا پسند کرتے ہیں۔

3) زیادہ ہوم ورک سے نمٹنے کے لیے اپنے بچے کو سکھائیں کہ وہ کام کو کیسے تقسیم کریں۔ مثال کے طور پر ہر گھنٹے میں 15 منٹ کا وقت ہوم ورک کیلئے وقف کرنے کی ترغیب دیں۔

4) ہوم ورک کرنے کے دوران کوئی ٹی وی ، اونچی آواز میں موسیقی ، یا فون کالز نہیں ہونی چاہیئں تاہم ہوم ورک کیلئے ہم جماعت یا استاد کو فون کرنا کوئی مضائقہ نہیں۔

5) کلاسز میں ہوئے اسائنمنٹ ، کوئز ، اور ٹیسٹ کے بارے میں پوچھیں۔ اچھا کام کرنے پر حوصلہ افزائی کریں ،ہوم ورک مکمل ہونے پر چیک کریں ، اور بچے کے سوالات و خدشات سے اکتائیں نہیں بلکہ ان کا تسلی بخش جواب دیں۔