کو ئٹہ (نمائندہ جسارت )وزیراعظم عمران خان کے دورہ بلوچستان کے موقع پربد نظمی سے متعلق چیف سیکرٹری بلوچستان نے کمشنر مکران ڈویژن سمیت کئی افسران سے وضاحت طلب کر لی۔ وزیراعظم نے13 نومبر کو ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز تربت کا دورہ کیا تھا۔20نومبر کو چیف سیکرٹری کے دفتر سے جاری مراسلے میں کمشنر مکران ڈویژن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ انتظامات میں 10 سے زاید امور میں کوتاہیاں کی گئیں، مراسلے کے مطابق وزیراعظم اور دیگر مہمانوں کو کھانا غیر معیاری پلیٹوں میں دیاگیا۔ پیپسی، کوک اور دیگر مشروب بھی ٹھنڈے نہیں تھے،واش روم اور صفائی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں تھی،پریزینٹیشن روم میں کوئی متبادل لیپ ٹاپ اور کوئی قابل آپریٹر بھی دستیاب نہیں تھا ،قبائلی عمائدین سے وزیر اعظم کی ملاقات کے لیے چیف سیکرٹری کرسی مختص نہیں تھی، سیکرٹریز کیلیے بھی کرسیاں مختص نہیں کی گئیں ،ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کیچ نے خلاف آداب وزیراعظم کے قریب جانے کی کوشش کی ۔ ڈپٹی کمشنر چیف سیکرٹری کو نظر انداز کرتے ہوئے وزیراعظم کے قریب چلتے رہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے متعلق تقریب چھوٹے کمرے میں رکھی گئی۔ چیف سیکرٹری کیلیے نشست مختص نہیں تھی۔