اسلام آباد(اے پی پی)اقتصادی امورکے وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیارنے کوویڈ 19 پر قابو پانے اور بالخصوص تدریس کاسلسلہ جاری رکھنے کی کوششوں میں مسلسل معاونت فراہم کرنے پرعالمی بینک کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیاہے۔انہوں نے یہ بات کوویڈ19 رسپانس، ریکوری اینڈریزلیئینس ان ایجوکیشن پروجیکٹ کے حوالے سے 19.85 ملین ڈالرمالیت کے گرانٹ معاہدہ پردستخط ہونے کی تقریب میں کہی۔یہ تقریب بدھ کووزارت اقتصادی امورمیں منعقد ہوئی۔اس پروجیکٹ کا مقصد کوویڈ 19 کے تناظرمیں بحران سے مختصروقت میں نکلنے کے لیے تعلیم کے شعبے میں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے اقدامات میں معاونت فراہم کرنا اورکم ترقی یافتہ علاقوں اورکمزورطبقات میں مستقبل میں بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹھوس بنیادیں قائم کرنا ہے ۔ اس منصوبے سے حکومت کو نہ صرف فاصلاتی تعلیم کے دائرہ کارکو وسعت دینے بلکہ طلبہ اوراساتذہ کی صحت وبہبودکویقینی بنانے ، فاصلاتی تعلیم کے معیار میں بہتری،محفوظ اسکولوں کے تصور اوراساتذہ کی تربیت میں بھی مدد ملے گی۔معاہدے پراقتصادی امورکے سیکرٹری نوراحمد اورپاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے دستخط کیے۔