سندھ بار میں جلد انقلاب لائیں گے،جمشیدایڈووکیٹ

42

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بار میں جلد انقلاب لائیں گے۔ وکلاء کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔22سال سے شعبہ وکالت سے منسلک ہونے کی وجہ سے مسائل کا ادراک ہے۔وکلاء کے لیے اسپتال کی تعمیر اور حج کوٹا مختص کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایسٹ سے امیدوار برائے سندھ بار کونسل جمشید احمد شیخ نے وکلاء کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ حق و سچ کے فروغ کے لیے کام کیا ہے اور ہمیشہ بے لوث خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے ریٹائرڈ اور مرحوم وکلاء کے اہل خانہ کے لیے حکومت سے سالانہ 25کروڑ روپے گرانٹ منظور کرانا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔یہ رقم ان کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ وکلاء اس وقت مسائل کے انبار تلے دبے ہوئے ہیں۔صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔وکلا کے لیے اسپتال کی تعمیر انتہائی ضروری ہے اور یہ سندھ بار کونسل کے پلاٹ پر تعمیر کرایا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وکلا کے لیے ایک موبائل ایپ کا ہونا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے کیسز کے حوالے سے فوری معلومات حاصل کرسکیں۔سندھ بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کی اجازت کے بغیر کسی وکیل پر مقدمے کا اندراج نہیں ہونا چاہیے اس کے لیے ہم بھرپور حکمت عملی کے ساتھ کام کریںگے۔جمشید احمد شیخ نے کہا کہ وکلا کے لیے حج کوٹا مقرر کرنے کے لیے ہماری کاوشیں جاری رہیںگی۔