کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماڈل کالونی کے ایک گھر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماں بیٹا زخمی ہوگئے ، اہل خانہ کے شور مچانے پر ڈاکو بغیر لوٹ مار کے فرار ہو گئے،شاہراہ پاکستان یوسف پلازہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ماڈل کالونی شیٹ نمبر دس میں واقع ایک گھر میں ڈاکو گھس گئے تاہم اس دوران اہل خانہ نے مزاحمت کی اور شور مچایا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی ، فائرنگ کے باعث 50 سالہ نسرین زوجہ مختار اور ان کا بیٹا 26 سالہ حسن زخمی ہوگئے ، دونوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، اہل خانہ نے بتایا کہ گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی تعداد پانچ سے چھ تھی جوکہ بالکونی کے راستے گھر میں داخل ہوئے ، ایک ڈاکو وہیں کھڑا رہا جبکہ دیگر کمروں میں داخل ہونے لگے تھے کہ اسی اثنا میں شور مچادیا ، گھبراہٹ میں ڈاکو سامان لوٹے بغیر ہی فرار ہو گئے، ایک گولی نسرین کے پاؤںمیںلگی اور دوسرے حسن کے بازوکوچھوتے ہوئے نکل گئی۔ شاہراہ پاکستان یوسف پلاز اکے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 30 سالہ شعیب ولد محمد ادریس کے نام سیکر لی گئی پولیس کے کے مطابق مضروب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔