کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں فائر قوانین نہ ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے کمشنر کراچی سے فائر بریگیڈ کی 30 خراب گاڑیوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ سماعت کے موقع پر کمشنر کراچی،سول ڈیفنس نے جواب عدالت میں جمع کرایا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ایسی بلڈنگز جہاں ایمرجنسی ڈور نہ ہو ان کو این او سی کیسے جاری کردیتے ہیں؟ ایس بی سی اے کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہم لوگ کام کررہے ہیں ،مستقبل میں مزید بہتری آئے گی۔عدالت نے استفسار کیا کہ بلڈنگ کمپلیشن سرٹیفکیٹ کیسے جاری کردیتے ہیں ۔ جس پر ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ بلڈنگ کمپلیشن سرٹیفکیٹ لیتے ہی نہیں ہیں۔چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ کراچی میں 22فائر کنٹرول روم موجود ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پورے سندھ میں کتنے ہیں ؟چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ میرے علم میں نہیں ہے اس وقت ،ان کا کہنا تھا کہ 30گاڑیاں خراب ہیں 14 گاڑیوں سے پورے شہر کو چلا رہے ہیں،ہر ایک اسٹیشن پر 4گاڑیاں ہونی چاہییں مگر نہیں ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی جبکہ بلڈنگ سیفٹی کمپلیشن پلان سے متعلق ایس بی سی اے سے بھی رپورٹ طلب کی، عدالت نے کمشنر کراچی سے فائر بریگیڈ کی 30 خراب گاڑیوں سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ عدالت نے مزید سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی۔