شاہ محمود کا جدہ میں مختصر قیام، اوآئی سی اجلاس میں شرکت کیلیے نائیجر روانہ

43
جدہ :شاہ محمود قریشی سے چیف آف رائل پروٹوکول افسر احمد بن ظافر ملاقات کررہے ہیں، مسعود خان بھی موجود ہیں

جدہ( نمائندہ خصوصی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا نائیجر جاتے ہوئے جدہ کے ملک عبدالعزیز انٹرنیشل ائرپورٹ پر مختصر قیام، ائرپورٹ پر مکہ مکرمہ کے چیف آف رائل پروٹوکول آحمد بن ظافر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجازِ اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ مختصر قیام کے بعد وزیر خارجہ وفد کے ساتھ نائیجر روانہ ہوگئے۔وزیر خارجہ، نائیجر میں منعقد ہونے والے 3 روزہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اس اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں
جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔وزیر خارجہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے اور ان ملاقاتوں میں دو طرفہ باہمی تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔مسلم امہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے لیے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کو ایک اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔