گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

93

گلگت(خبر ایجنسیاں)گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 33 نو منتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔15 نومبر کے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی گلگت بلتستان اسمبلی کا پہلا اجلاس ہواجس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے نو منتخب ارکان اسمبلی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بطور احتجاج بازوؤں پر کالی پٹی باندھ کر حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب میں جنرل نشستوں پر منتخب 24 ارکان اور مخصوص نشستوں پرکامیاب 6 خواتین ارکان سمیت 3 ٹیکنوکریٹس نے حلف اٹھایا،اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین کی 1جنرل نشست ہے جب کہ پی ٹی آئی سے معاہدے کے تحت ملنے والی خواتین کی 1 مخصوص نشست اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت اس کی نشستوں کی تعداد 3 ہے۔ مسلم لیگ ن کی بھی 2 جنرل اور خواتین کی 1 مخصوص نشست کے ساتھ کل نشستوں کی تعداد 3 ہے۔ اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام کی ایک نشست ہے جب کہ اپنی آزاد حیثیت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنے والا ایک آزاد رکن بھی اسمبلی کا حصہ ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے اسپیکر نے آج صبح اجلاس طلب کرلیا ہے۔