ملکی ترقی کیلیے اقبال کے پیغام پر عمل کرنا ہوگا، امیر البحر

41

اسلام آباد (آن لائن) امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے علامہ محمد اقبال ؒکے پیغام پر عمل کرنا ہوگا، نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق شاہین بننا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے زیراہتمام 2 روزہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترکی اور ایران کے سفیر بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔ کانفرنس سے سینیٹر ولید اقبال اور بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد طلبہ کو اقبال کے افاقی پیغام سے روشناس کروانا اور علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی اسکالرز کی بھی بذریعہ وڈیو لنکس کانفرنس میں شریک ہوئے۔