غریب ممالک کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوئے ،میاں زاہد حسین

56

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ غریب ممالک کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں امیر ممالک غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ تمام ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کی واپسی فوری طور پر منجمد کی جائے اور جن کی حالت زیادہ خراب ہے ان کے قرضے معاف کیے جائیں ورنہ ایک خوفناک عالمی بحران جنم لے سکتا ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت درجنوں ترقی پذیر ممالک کی معیشت کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت میں لاک ڈائون کی متحمل نہیں ہو سکتی ہیں اور اگر ایسا ہوا تو بہت سے ممالک دیوالیہ ہو جائیں گے۔