پاک بھارت کرکٹ بورڈ باہمی سیریز کے حق میں ہیں،وسیم خان

75

لاہور (جسارت نیوز)پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز تو باہمی سیریز کے انعقاد کے لیے تیار ہیں کے لیکن بھارت کی سیاسی صورتحال کے باعث شائقین دلچسپ مقابلے دیکھنے سے محروم ہیں اور بھارت میں کوئی یہ نہیں سمجھنا چاہتا کہ کرکٹ کا کھیل جنگ کا میدان نہیں ہوتا ۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی پاکستان اور بھارت کے مابین میچز کی کمی کو محسوس کررہا ہے لیکن سیاسی حالات کے باعث یہ میچز کروانا ممکن نہیں ہیں اور اس حقیقت کو بھی کوئی ماننے کو تیار نہیں ہے کہ روایتی حریفوں کے مابین میچز کو اربوں شائقین اپنے اپنے ٹیلی ویژن پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں کروانے سے غیر ملکی کھلاڑیوں کا ہم پر اعتماد بڑھا ہے اور اب غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے آمادہ ہورہی ہیں۔وسیم خان 2023 سے شروع ہونے والے 8 سالہ سائیکل میں آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلئے پرامید ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو اگلے سال جولائی میں سیریز کھیلنے انگلینڈ جانا ہے جب کہ انگلش ٹیم بھی فیوچر ٹور پروگرام سے ہٹ کر اگلے سال اکتوبر میں پاکستان آنے کا اعلان کرچکی ہے۔ افغان ٹیم کی پاکستان آمد کے بارے میں سوال کے جواب میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال پاکستانی ٹیم کا سیزن بے حد مصروف ہے اس لیے دورہ ممکن نہ ہونے پر 2022 میں افغانستان کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔