لاہور(آئی این پی)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے ڈومیسٹک ہاکی کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حال ہی میں راولپنڈی میں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا اور اب پی ایچ ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈومیسٹک ہاکی کے مزید ایونٹس کا سلسلہ بھی جاری رہے گا لیکن کورونا وائرس کے ایس او پیز کا سختی سے خیال رکھا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے دوران کووڈ-19 کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، ایونٹ کا انعقاد شاندار انداز میں ہوا، اب مزید ڈومیسٹک ہاکی کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی اور یقینی بنایا جائے گا کہ کورونا وائرس کے جو ایس اوپیز بنائے گئے ہیں ان پر عمل درآمد کیا جائے۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ 28نومبر سے انڈر 16 ہاکی چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہورہی ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس کے بعد ہم چیف آف آرمی اسٹاف کپ اور چیف آف نیول اسٹاف کپ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ویمن ہاکی چیمپئن شپ بھی کھیلی جائے گی جب کہ پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کیمپ لگائے جا رہے ہیں، اس دوران سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان سیریز بھی کھیلی جائے گی۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے مزید بتایا کہ سینئر ٹیم مارچ میں ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں حصہ لے گی جب کہ جونیئر ٹیم جولائی میں جونیئر ایشیا کپ میں کھیلے گی اور امید ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں رہے گی۔