آٹے میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے (سندھ ملاح فورم ٹھٹھہ)

29

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سندھ ملاح فورم تعلقہ گھوڑا باری کا اجلاس، سندھ ملاح فورم سندھ کے سینئر نائب صدر ڈاڈا آدم گندرو کی صدارت میں ہوا، شہر میں ملاح رہنما حاجی اکرم ملاح کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں ضلع ٹھٹھہ کے صدر ایوب ملاح تعلقہ گھوڑا باری کے صدر شریف ملاح، حاجی اکرم ملاح اورمسکین جمن ملاح سمیت تمام عہدیداران و ممبران اور ملاح برادری سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملاحوں کے جائز مسائل پر غور کرکے اور شہر میں قائم تمام فلور ملز اور چکیوں پر ملاوٹ شدہ آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آٹے میں ملاوٹ کرنے والے ملز مالکان کیخلاف کارروائی کرنے اور ملاحوں کو بنیادی سہولیات دلوانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملاح رہنمائوں ڈاڈا آدم گندرو اور محمد شریف ملاح و دیگر نے کہا کہ سندھ دھرتی کے اصل وارثوں کو سندھ حکومت نظر انداز کررہی ہے، ان کو اس جدید دور میں بھی صحت، تعلیم، روزگار، سڑکیں اور صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ سمیت شہر میں مہنگائی عروج پر ہے، جہاں قائم تمام آٹا ملز اور چکیوں پر جان بوجھ کر ملاوٹ شدہ آٹا فروخت ہورہا ہے، جس سے لوگوں میں پیٹ کی مختلف بیماریاں پھیلنے لگی ہیں، جس کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاح برادری کو بنیادی سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ گائوں کو پکا کرنے اور ملاحوں کے روزگار کے وسیلوں پر ہونے والے قبضے ختم کیے جائیں اور آٹے میں ملاوٹ کرنے والے ملز مالکان کیخلاف سخت کارروائی کرکے عوام کو پریشانی سے بچایا جائے، ورنہ سندھ ملاح فورم کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔