کوئٹہ،کمیونٹی اسکولز ٹیچرز کا اسکولوں کی بندش کیخلاف احتجاج

63

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اساتذہ کی برطرفی اور کمیونٹی اسکولوں کی بندش کے خلاف بلوچستان ایجوکیشن فائونڈیشن (بی ای ایف )کے دفتر کے سامنے منیجنگ ڈائریکٹر بی ای ایف کے خلاف دھرنا شروع کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق کمیونٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے بلوچستان ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے 20سے زائد اساتذہ کی برطرفی اوراسکولوں کی بندش کے خلاف بدھ کو ائرپورٹ روڈ پر بلوچستان ایجوکیشن فائونڈیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ مظاہرین بلوچستان ایجوکیشن فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جب سے موجودہ ایم ڈی نے چارج سنبھالاہے تب سے کمیونٹی اسکولز اساتذہ کو بے جا تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اب تو 20سے زائد اساتذہ کو بغیر کسی وجہ کے برطرف کردیا گیاہے بلکہ مختلف کمیونٹی اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا ہے حالانکہ رواںسال کورونا کے باعث تمام تعلیمی ادارے بند رہے اور تعلیمی سلسلہ مکمل طور پر بند رہا ۔ انہوں نے کہاکہ جب کمیونٹی اسکولز اساتذہ اپنے مسائل سے متعلق مرکزی آفس جاتے ہیں تو ان کے مسائل سننے کے بجائے انہیں جاننے سے انکار کیا جاتاہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایک طرف گزشتہ 13سال سے کمیونٹی اسکولز اساتذہ قلیل تنخواہوں کے عوض خدمات انجام دے رہے ہیںنہ تو انہیں مستقل کیا جارہا ہے اور نہ ہی انہیںمناسب تنخواہیں دی جارہی ہے جب تک برطرف اساتذہ کو بحال نہیں کیا جاتا اس وقت تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔