شہید علامہ ڈاکٹرخالد محمود سومرو کی یاد میں آج کانفرنس ہوگی

52

سکھر (نمائندہ جسارت )جے یو آئی سندھ کی جانب سے آج 26 نومبر کو جے یو آئی کے شہید رہنما علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں لاڑکانہ میونسپل اسٹیڈیم میں تاریخی شہید اسلام کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، جس میں سندھ بھر سے 10 لاکھ سے زائد عوام شرکت کریں گے، جے یو آئی صوبائی کونسل کے ممبر اور مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان کے مطابق کانفرنس کی کامیابی کیلیے پورے صوبہ میں کارکنوں کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ہزاروں گاڑیوں کی بکنگ کی جاچکی ہے، کراچی سے لیکر کشمور تک سندھ کے طول عرض سے ہر شہر محلے اور گاؤں سے کارکنوں کے قافلے لاڑکانہ پہنچ کر شہید لیڈر کو نہ صرف خراج عقیدت پیش کریں گے بلکہ شہید کے خون کا حساب مانگیں گے۔ جے یو آئی رہنما مولانا عبدالحق مہر نے آبائی گاؤں دین پور مہر میں تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے عظیم لیڈر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی الناک شہادت کو 6 سال گزر گئے مگر ہم آج بھی انصاف کے منتظر ہیں، یہ ریاست اور انصاف دینے والوں کے لیے خود سوالیہ نشان ہے کل کا جلسہ احتجاجی جلسہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے دین اور دیس کے لیے جان دی ہے سندھ کے عوام کبھی ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے، ہم ڈاکٹر شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والا جلسہ ثابت کرے گا کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو آج بھی سندھ کے عوام کے دلوں میں زندہ اور سب سے زیادہ مقبول ہیں حکمراں کبھی ان کے قاتلوں کو بچا نہیں سکتے۔