فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمو،فاروق احمد،برادرمحمدنوید،آصف عطا،چودھری فاروق باجوہ،سلم انصاری ،اسامہ نذیر،فاروق احمدنے اپنے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ فیصل آبادشہر صفائی، ٹرانسپورٹ اور بدترین ٹریفک کے نظام کی وجہ سے مسائلستان بن چکا ہے۔ سٹرکوں اور گلی محلوں میں جابجا گندگی ڈھیرے بدترین انتظامات کی کھلی منظر کشی کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آلودگی کے حوالے سے شہر فیصل آباددوسروں شہروں کی نسبت سرفہرست ہے۔اگر شہر میں صفائی کا انتظام بہتر نہیں ہوا تو کورونا وائرس کے بعد وبائی امراض بڑھنے کے امکانات کا خدشہ بھی ہے۔چودھری عمرفاروق گجر نے مزید کہا کہ شہرفیصل آباد میں جہاں گلی محلوں میں بدترین انتظامات کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر سیوریج کے نظام کو مزید تباہ کرنے کی وجہ بن رہے ہیں وہاں شہریوں کیلیے اذیت کا باعث ہیں۔ شہری گھروں میں سیوریج ملا گندا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبادمسائل کی آمجگاہ بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ خواب غفلت میں سوئی ہوئی ہے۔ٹریفک، ٹرانسپورٹ اور بدترین صفائی کے انتظامات کی وجہ سے دن بدن مسائل بڑھتے جار ہے ہیں۔ ہر سال گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،مین سڑکوں، سروس اور چھوٹی بڑی روڈ پر ناجائز پارکنگ اسٹینڈز کی وجہ سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کا جینا محال ہو چکا ہے۔ ٹریفک کے بہائو میں دن بدن پیچیدگیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور اس کے حل کے لیے سٹی ٹریفک پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی واضع پالیسی سامنے نہیں آرہی ہے۔جے آئی یوتھ کے رہنمائوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں صفائی ستھری، بوسیدہ سیوریج کے نظام، ٹرانسپورٹ اور بدترین ٹریفک کے مسائل کے حل کیلیے جامع حکمت عملی بنائی جائے اور اس پر فی الفور اقدامات کیے جائیں۔