کوئٹہ ،لورالائی ،دکی: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ،3 زخمی

51

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ، لورالائی اور دکی میں مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ لورالائی کے علاقے دھوبی گھاٹ محلے میں گیس لیکیج کے باعث جمال خان اور اس کی اہلیہ جاں بحق ہوگئی، لاشیں اسپتال پہنچائی گئیں، ضروری کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں۔ لورالائی کے ہی علاقے چمالنگ میں کوئلہ کان میں ٹیلے کی زد میں آکر 3 کان کن علی محمد ولد عبداللطیف، نیاز محمد ولد میر محمد اور بسم اللہ جان ولد عبدالمالک کاکڑ سکنہ افغانستان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثناء دکی میں مقامی کوئلہ کان میں انجن میں چادر پھنس کر انجن کی زد میں آکر کوئلہ کان کا چوکیدار انور شاہ زخمی ہوگیا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ادھر کوئٹہ میں بروری روڈ بلوچ کالونی میں تیمور خان ولد منظور خان یوسفزئی نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر پستول سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔