ٹنڈوالٰہیار،سبزی منڈیوں میں عمررسیدہ شہریوں کے داخلے پر پابندی

44

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کو مدنظررکھتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے کی تمام سبزی منڈیوں میں عمر رسیدہ شہریوں کے داخلے پربھی پابندی لگا دی جبکہ دیگر افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ پابندی کا مقصد عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔ صوبہ سندھ کی تمام سبزی منڈیوں میں لوگوں کو پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ ماسک پہن کر ہی داخل ہوں ورنہ داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ ماسک کی پابندی کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ نے عمر رسیدہ شہریوں کی سبزی منڈی میں داخلے پربھی پابندی لاگو کر دی ہے اور اس پابندی کا مقصد انہیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے۔وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ تمام سبزی منڈیوں میں بغیر ماسک کے آمد پر پابندی ہوگی اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی، ایڈمنسٹریٹرز اور چیئرمینز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ان کو ہدایت میں مزید کہا گیا ہے کہ نیلام اور خرید و فروخت کے تمام مراحل میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔سندھ حکومت کے مطابق سبزی منڈی میں رش کم کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے صرف ایک شخص کو داخلے کی اجازت ہوگی۔