حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیس کلیکٹو وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے کورونا آگاہی کے متعلق موبائل وین حیدر آباد پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد غفار سومرو نے ان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ وین کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی وین نہ صرف حیدر آباد بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی کورونا سے بچائو کے حوالے سے آگاہی کے فروغ کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد غفار سومرو نے کہا کہ آئیے کورنا وائرس کی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ حیدر آباد اور سندھ پولیس کا ساتھ دیتے ہوئے خود کو اور اپنی فیملی کو اسمارٹ لاک ڈائون کے دوران کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر پاکستان پیس کلیکٹو وزرات اطلاعات ونشریات کے کنسلٹنٹ آفتاب علی عمرانی نے ڈی سی حیدر آباد فواد غفار سومرو کو کورونا آگاہی وین سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی۔ دوسری جانب کورونا آگاہی وین کا حیدر آباد میں جگہ جگہ طلبہ و سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں نے استقبال کیا۔ وین کے ذریعے کورونا سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے وین نے مصروف بازاروں اور شاہراہوں کا دورہ بھی کیا جبکہ وین پر کورونا وائرس، حق حقدار تک، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کی بحالی میں نوجوان اور خاندان کے کردار سے متعلق معلوماتی بینرز آویزاں تھے۔ حیدر باد کے نوجوانوں نے وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عزم کیا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ملک پر آنے والی ہر مصیبت کا مقابلہ متحد ہو کر کریں گے۔