حیدرآباد ،سول اسپتال میں کورونا سے نمٹنے کیلیے انتظامات مکمل

63

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد اور جامشور وکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے نتیجے میں یہ وائرس بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سول اسپتال حیدر آباد اور جامشورو میں تمام تر انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں اور اس وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کو بھرپور طبی امداد دی جارہی ہے۔ وہ اسپتال کے مختلف وارڈوں کے دورے کے موقع پر وارڈوں کے ذمے داران، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس پیرا ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہا کہ کورونا وائرس آئیسولیشن وارڈ میں جدید مشینری اور وینٹی لیٹر موجود ہے جبکہ پورے اسپتال میں دن میں کئی بار ڈس انفیکشن اسپرے کیا جاتا ہے تاکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو جراثیم سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ اضافی تیمارداروں کے داخلے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسپتال میں موجود تمام اسٹاف سمیت مریضوں اور تیمارداروں کو سرکاری ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔ اسپتال کے مختلف وارڈوں میں داخلی راستوں پر سینی ٹائزر گیٹ موجود ہیں اور وارڈ میں بغیر ماسک کے کسی شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے لیے 20 بستروں کا آئی سی یو، ایچ ڈی یو مختص کیے گئے ہیں جبکہ جامشورو میں 132 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ بنایا گیا ہے اور مزید ضرورت پڑنے پر اس میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس انتہائی مہلک اور جان لیوا وائرس ہے، اس سے بچنے کے لیے ہر شہری کو ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے، جس سے خود بھی محفوظ رہیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی محفوظ رکھ سکیں۔