پبلک ایڈ کی کوشش سے متاثرین کنیز فاطمہ ہائوسنگ کے حق میں فیصلہ

27

کراچی (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ سے ادارہ نورحق میں کنیز فاطمہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے وفد نے محبوب حسین کی سربراہی میں ملاقات کی اور پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کا قانونی مدد فراہم کرنے اور ہائی کورٹ سے کنیز فاطمہ کے متاثرین کے حق میں فیصلہ آنے پر
شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی بھی موجود تھے۔متاثرین نے بتایا کہ الحمد للہ جماعت اسلامی کی کوششوں سے ہماری ڈپلی کیشن فائلوں کا مسئلہ حل ہوگیا ہے اور سالہا سال مسائل میں الجھے ہوئے لوگوں کی زمینیں بحال ہوگئیں ہیں جہاں لوگوں نے گھر بھی بنائے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ ہم کراچی کے شہریوں کا مقدمہ لڑرہے ہیں اور بلاتفریق رنگ و نسل اور برادری کے ہم لوگوں کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں ،ہم سمجھتے ہیں کہ ہاؤسنگ اسکیم اور سوسائٹی کے نام پر گزشتہ 30سال سے جو زمینوں کی بندر بانٹ ہوئی اس فراڈ میں کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی( KBCA)اورسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت ہماری شہری وصوبائی حکومتیں شامل ہیں جنہوں نے کراچی کی زمینوں کو لوٹ کامال سمجھا ہوا ہے اور دھوکا دہی ،جعلی فائلوں کے ذریعے سے مجموعی طور پر کراچی کے شہریوں سے اربوں روپے ہڑپ لیے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک انہی عنوانات کے تحت چلائی گئی ہے جن میں شہریوں کی مردم شماری کے نام پر ان کا حق مارنا ،کوٹا سسٹم کے نام پر نوجوانوں کی نوکریوں پر ڈاکا ڈالنا شامل ہیں ، ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک بااختیار شہری حکومت نہیں ہوگی اورشہری ادارے بااختیار نہیں ہوں گے اس وقت تک انہیں یرغمال بنایا جائے گا۔