پیرا گون ریفرنس، احتساب عدالت وکیل کی عدم پیشی پر برہم

47

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میںکہاکہ ٹی وی پر سیاست دانوں کی باتیں سن سن کر تنگ آ گیاہوں، یہ تاثر دیا جاتا ہے عدالتوں میں کام نہیں ہورہا،ٹرائل کا معاملہ بہت نازک ہوتا ہے، تحریری حکم میں پابند کروں آئندہ سماعت پر وکلا کی پیشی کو یقینی بنایا جائے۔ احتساب عدالت میں پیراگون ہاسنگ سوسائٹی ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق عدالت میںپیش ہوئے ۔ایسوسی ایٹ وکیل نے موقف اپنایا کہ خواجہ سلمان رفیق کے سینئر وکیل عدالت عظمیٰ کورٹ مصروف ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ میرے وکیل امجد پرویز جبکہ سلمان رفیق کی وکالت اشتر اوصاف کر رہے ہیں۔ کاغذی غلطی پر معافی چاہتا ہوں۔فاضل عدالت نے اشتر اوصاف کے جونیئر وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست پر ٹمپرنگ کی گئی ہے۔ جونیئر وکیل نے کہا کہ درستگی کی ہے ٹمپرنگ نہیں کی۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے اس کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ عدالت کا دائرہ اختیار کہاں تک ہے۔ جونیئر وکیل نے بھی عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔فاضل عدالت نے اگلی پیشی پر دوگواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی ۔